کراچی (جیوڈیسک) ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خواجہ اظہارالحسن نے کہاہے کہ ندیم ہاشمی کے خلاف تفتیش مکمل ہونے سے پہلے پولیس اہل کاروں کے قتل کا مقدمہ درج کر نا سازش ہے۔ ایم کیو ایم کو کراچی میں فوج بلانے کے مطالبے کی سزا دی جا رہی ہے۔ انھوں نے یہ بات ذرائع سے بات چیت میں کہی ۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے نارتھ ناظم آباد کے علاقے سے ایم کیو ایم کے سابق رکن سندھ اسمبلی ندیم ہاشمی کی گرفتاری پر شدید الفاظ مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ندیم ہاشمی کے گھرپر بلاجواز چھاپہ مار کر انہیں گرفتارکر لیا۔
کراچی میں قیام امن کے نام پر شروع کیے جانے والے ٹارگٹڈ آپریشن کے نام پر ایم کیو ایم کے عہدیداروں، کارکنوں حتی کہ منتخب نمائندوں تک کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایم کیو ایم کے سابق رکن سندھ اسمبلی ندیم ہاشمی اور دیگر عہدیداروں کی گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں فی الفور رہا کیا جائے۔