راولپنڈی (جیوڈیسک) اس موقع پر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب کے جنرل سیکرٹری نذیر احمد جنجوعہ شمس الرحمان سواتی عزیر حامد حنیف چوہدری اور ضیا اللہ چوہان نے اظہار خیال کرتے ہوئے سانحہ پشاور کی شدید مذمت کی اور اسے اسلام اور پاکستان دشمن عناصر کی کار روائی قرار دیا ہے۔
مقررین نے کہا کہ آج سارا پاکستان دُکھی ہے ،قوم کے نونہالوں کا خون کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں پاکستان کی سا لمیت پر حملہ کیا گیا ہے۔ سانحہ پشاور کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔مقررین نے کہا کہ اس امر کا بھی جائزہ لینے کی اشد ضرورت ہے کہ ہماری سکیورٹی ایجنسیاں اور ادارے کیوں بار بار ناکام ہوتے ہیں،ہمیں اپنی سکیورٹی کے معاملات کو بھی از سر نو ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔
حکمرانوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے افسوس کہ ہماری تمام پولیس اور دیگر سیکیورٹی ادارے حکمرانوں کی حفاظت اور پروٹوکول ڈیوٹی پر ہی مامور نظر آتے ہیں۔ مقررین نے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ پشاور کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کروا کر قوم کو اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے اور اس سانحہ کے ذمہ داروں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے۔