اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ حکومت نے تجارت میں سنجیدہ پالیسی اصلا حات کا آغاز کر دیا ہے، جس سے ملکی تجارت کو دُگنا کرنے میں مدد ملے گی۔
متعدد پاکستانی سیکٹروں میں سرمایہ کاری میں پہل کرنے والے بیرونی سرمایہ کار بڑے فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔ ہالینڈ کی کمپنیا ں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کریں۔ ان کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہالینڈ کی وزیر تجارت للیعین پلومین سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر نے جی ایس پی پلس کے حصول میں پاکستان کی حمایت پر ہالینڈ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان تجارت کا حجم 76.8 کروڑ ڈالر ہے جس میں مزید اضافے کی گنجائش ہے، انہوں نے ہا لینڈ کے سینٹر فار پروموشن آف امپورٹس (سی بی آئی) کے کردار کی تعریف کی جو حکومتی تجارتی ماہرین، بزنس مینوں او ر چھوٹی صنعتوں کے مالکان کو جدید تجارت سے متعلق ٹریننگ فراہم کرتا ہے۔
ہالینڈ کی وزیر نے پاکستان میں انسانی حقوق کی بہتر ہوتی ہوئی صورتحال کی تعریف کی اور یقین دلایا کہ ہالینڈ پاکستانی حکومت کی تکنیکی مہارت کی بہتری میں کردار ادا کرتا رہے گا۔ خرم دستگیر نے کہا وزارت تجارت اس سال کے آخر میں ہیگ میں ایک تجارتی کانفرنس کا انعقاد کرے گی جس میں نمایاں پاکستانی تاجر شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس سے پاکستان سے ہالینڈ کو تجارت بڑھانے میں مدد ملے گی۔