بارسلونا (جیوڈیسک) اسپین کی حکومت نے سرمایہ کاری اور جائیداد کی خریداری کے نتیجے میں غیر ملکیوں کیلئے ریذیڈنسی ویزوں کے حصول میں آسانیاں پیدا کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے تحت اسپین میں کاروبار میں ایک لاکھ یورو لگانے، 5 لاکھ روپے کی پراپرٹی خریدنے اور 12 لاکھ یورو کے مفاد عامہ کے پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کر نے والوں کو اسپین کے قیام کے ویزوں کی پیشکش کی گئی ہے اور ان ویزوں کو گولڈن ویزے”کا نام دیا گیا ہے۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2013 سے لیکر اب تک 530 غیر ملکی سرمایہ کاروں نے اسپین میں سرمایہ کاری کے نتیجے میں ہسپانوی ویزے کی سہولت سے فائدہ اٹھایا ہے۔ ویزے میں آسانی کی سہولت سے فائدہ اٹھانے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں میں زیادہ تعداد چینی اور روسی سرمایہ کاروں کی ہے۔ اسپین میں 2008 سے جاری معاشی بحران کی وجہ سے مکانات اور پراپرٹی کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور یہ صورتحال غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے فائدہ مند ہے اور ایشین سرمایہ کاروں کیلئے یہ سب سے بہترین موقع ہے کہ وہ جائیداد خریدنے کے بدلے میں اسپین میں قیام کیلئے 5سالہ ریذیڈنس کارڈ حاصل کر سکیں۔
چینی سرمایہ کاروں کا رحجان کاتالونیہ اور بیلارک جزائر کی جانب ہے۔گولڈن ویزہ کیلئے درخواست دینے والے کیلئے لازم ہے کہ وہ یورپ کے کسی ملک میں غیر قانونی طریقے سے داخل نہیں ہوا ہو۔ درخواست گذار کی عمر 18 سال یا اس سے زائد ہو اور اس کا شینگن سٹیٹ میں کبھی بھی ویزہ درخواست مسترد نہ ہوئی ہو، درخواست گذار مالی طور پر مستحکم ہو۔ ویزا درخواست کے ساتھ ذاتی کاروبار کی تفصیل، بینک سٹیٹ منٹ اور جائیداد کی رجسٹریوں کی فوٹو کاپیاں بھی لف کی جائیں۔درخواست گذار کو اسپین میں کم از کم 5 لاکھ کی سرمایہ کاری کرنا ضروری ہے۔
گولڈن ویزا کی منظوری کے بعد درخواست گذار اپنے بیوی اور بچوں کو بھی سپین بلوا سکتا ہے جو 18 سال سے کم عمر ہوں۔ اٹھارہ سال سے زائد ان بچوں کو اس ویزاپر بلوایا جاسکتا ہے جو معذور یا بیمار ہوں اور ماں باپ کی توجہ کے بغیر رہ نہیں سکتے۔ گولڈن ویزا کی تجدید کی بھی کوئی مدت نہیں کیونکہ ٹیکس گزار رہائشی کیلئے اسپین میں قیام کی کوئی حد نہیں۔ 5 سالہ قیام کے بعد گولڈن ویزا کے حامل فرد کو پرماننٹ ریذیڈنس کارڈ جاری کیا جائے گا، جس کے بعد وہ اپنی جائیداد کو فروخت کر نے کا مجاز ہوگا۔
گولڈن ویزا کی مدت کے دوران جائیداد کی فروخت نہیں کی جا سکتی۔ 10 سال کی مدت کے بعد سرمایہ کاری کی بنیاد پر اسپین میں رہائش پذیر فرد شہریت کیلئے کوالیفائی کر جائے گا۔اس کے بعد اس کی فیملی یورپ کے کسی بھی ملک میں رہ سکتی ہے، بچے کہیں بھی پڑھ سکتے ہیں اور یورپ کے کسی بھی ملک میں کاروبار کیا جاسکتا ہے۔
گولڈن ویزا کیلئے درخواست دینے والے کو اسپین میں سیاحتی ویزے کیلئے اپلائی کرنا ہو گا۔اس دوران وہ اپنی پسند کی جائیداد کو دیکھ سکتا ہے اور چاہے تو مزید معاملات کی دیکھ بھال کیلئے اپنے قانونی مشیر کو پاور آف اٹارنی دے سکتا ہے۔