ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ سپراسٹار شاہ رخ خان کو انڈین پریمیئر لیگ میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے 3 گھنٹے تک پوچھ گچھ کا سامنا رہا جس کے بعد انہیں جانے کی اجازت دے دی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی پی ایل میں ہونے والی مالی بے ضابطگیوں کے حوالے سے ممبئی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹر نے کلکتہ نائٹ رائڈر کے مالک شاہ رخ خان کو تفتیش کے لئے طلب کیا اور 3 گھنٹے تک ان سے مالی بے ضابطگیوں کے حوالے سے پوچھ گچھ کی۔
تفتیش کے دوران شاہ رخ خان نے خود پر لگائے جانے والے تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔واضح رہے کہ آئی پی ایل میں مالی بے ضابطگیوں کے حوالے سے اس سے قبل شاہ رخ خان کو 2 مرتبہ طلب کیا جاچکا ہے۔