ممبئی (جیوڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آئی پی ایل کے موجودہ سیزن کے میچوں کی مسلسل منتقلی کے بعد اس کے آئندہ ایڈیشن کو بیرون ملک منتقل کرنے پر سنجیدگی پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔
بی سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے آئی پی ایل کی گورننگ باڈی بیرونِ ملک میں کرکٹ کے میدانوں کا جائزہ لی گی۔ واضح رہے کہ 13 اپریل کو ممبئی ہائیکورٹ نے بی بی سی آئی کو مہاراشٹر میں پانی کی کمی کی وجہ سے مئی میں ہونے والے انڈین پریمیئر لیگ کے میچوں کو کہیں اور منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
دراصل ممبئی ہائیکورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ ریاست مہاراشٹر میں پانی کی شدید قلت ہے اور ٹورنامنٹ کے دوران پِچیں تیار کرنے کے لیے بہت زیادہ پانی درکار ہوتا ہے۔
عدالتی فیصلے کے نتیجے میں آئی پی ایل ممبئی، پونے اور ناگپور میں ہونے والے 12 میچ مہاراشٹر سے باہر منتقل کرنے پڑے۔ اس سے قبل بھی 2009 میں آئی پی ایل کے پورے ایڈیشن کو جنوبی افریقا جبکہ 2014 میں صرف 15 دن کے لیے اسے متحدہ عرب امارات منتقل کر دیا گیا تھا۔