کولکتہ (جیوڈیسک) آئی پی ایل افتتاحی تقریب انعقاد سے پہلے ہی تنازع کا شکار ہوگئی، فنکاروں کی تنظیم نے بغیر اجازت گانے چلانے کے خلاف لیگل نوٹس منتظمین کو بھیج دیا، لائسنس کے بغیر میوزک کے استعمال پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ نے حسب سابق اس بار بھی اپنی افتتاحی تقریب کو بالی ووڈ کا تڑکا لگانے کی تیاری کی مگر تقریب سجنے سے پہلے ہی تنازع کا شکار ہو گئی۔ گانوں کے رائٹس کا معاملہ سامنے آگیا ہے۔ اس تقریب میں رتیک روشن، شاہد کپور، فرحان اختر، انوشکا شرما اور دیگر فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرنا ہے۔
کولکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں منگل کو ہونے والی اس تقریب سے پہلے ہی انڈین پرفارمنس رائٹ سوسائٹی نے منتظمین کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔ اس تنظم میں مجموعی طور پر 3500 مصنفین، شاعر، موسیقار، پبلشر اور فلم پروڈیوسرز شامل ہیں، یہی تنظیم کسی بھی عوامی تقریب میں گانے وغیرہ بجانے یا پھر تحریری مواد استعمال کرنے کے حوالے سے لائسنس جاری کرتی اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی متعلقہ فنکاروں یا ادیبوں کو پہنچائی جاتی ہے۔
اس تنظیم کے ریجنل ہیڈ اویشک باسو کا کہنا ہے کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی آئی پی ایل نے میوزک چلانے کا لائسنس ڈی این اے انٹرٹینمنٹ سے حاصل کرلیا ہے لیکن عوامی مقامات پر میوزک کے لیے جو ضروری لائسنس ہوتا ہے وہ ہم سے نہیں لیا گیا ہے، منتظمین ہمیں اس کے لیے فیس دینے کو تیار نہیں۔
اسی لیے ہمیں انھیں نوٹس بھیجنا پڑا ہے، کسی بھی تقریب، محفل یا پروگرام میں اگر ریکارڈ شدہ گانے بجائے جائیں گے تو اس کے لیے ہم سے لائسنس لازمی حاصل کرنا ہوگا اگر ایسا نہیں کیا گیا تو پھر ہمارے پاس قانونی کارروائی کرنے کا آپشن موجود ہے۔