سڈنی (جیوڈیسک) انڈین پریمیئر لیگ میں کرپشن سکینڈل جب سے سامنے آیا ہے اس میں کپتان مہندر سنگھ دھونی کا نام بھی لیا جا رہا ہے۔ وہ چنائی سپر کنگز کے کپتان ہیں جس کے ٹاپ آفیشل اور مالک این سری نواسن کے داماد گروناتھن می اپن پر جوئے کا الزام سچ ثابت ہو چکا ہے۔
یہ رپورٹس بھی منظر عام پر آئیں کہ کرپشن اور دیگر بے ضابطگیوں میں ملوث جن 13 افراد کے نام سیل بند لفافے میں مدگال کمیٹی نے بھارتی سپریم کورٹ کو دیے تھے ان میں دھونی بھی شامل ہیں لیکن ابھی ان کے بارے میں کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے۔
دھونی ان دو برس کے دوران اس معاملے پر چپ سادھے رہے تھے تاہم ٹرائنگولر سیریز میں آسٹریلیا سے اہم ترین میچ سے قبل دھونی سے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے بارے میں سوال ہوا تو انھوں نے اس معاملے پر اپنی خاموشی کو توڑتے ہوئے کہا کہ میں ایک بات جانتا ہوں کہ اس بات سے قطع نظر کہ کیا فیصلہ ہوا ہے میرا نام بدستور اچھالا جاتا رہے گا۔
اب بظاہر یہ کیس ختم لگتا ہے لیکن کوئی نئی چیز سامنے آ جائے گی اور ایک بعد دوسری چیز میں میرا نام لیا جانے لگے گا۔ میرے خلاف کچھ غلط ثابت نہیں ہوا، پھر بھی کوئی چھوٹی یا بڑی جھوٹی سٹوری سامنے آ جائے گی۔ میں شروع سے ان چیزوں کا سامنا کرتا رہا اور آگے بھی کرتا رہوں گا۔