لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) سابق امپائر اسد رؤف کا کہنا ہے کہ انڈین پریمئر لیگ کی کامیابی میں پاکستانی امپائرز کا بھی اہم کردار ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں اسد رؤف کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل کے پہلے سیزن میں امپائرنگ کا معیار اتنا خراب تھا کہ شرکت کرنے والے کرکٹرز تک شکایت کر رہے تھے اور کشیدہ تعلقات کے باوجود بھارت کو پاکستان سے امپائرز بلانے پڑے۔
اسد رؤف کا کہنا تھا کہ خراب امپائرنگ پورے ایونٹ کو متاثر کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں بھی امپائرنگ کے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امپائرنگ کوئی آسان کام نہیں ہے۔ پاکستان میں امپائرنگ کا معیار خراب ہو رہا ہے جس کی بڑی وجہ مالی مراعات اور تکنیکی لوگوں کی کمی ہے۔ اسد رؤف کا کہنا تھا کہ معلومات کی کمی کی وجہ سے پاکستان کرکٹ ٹیم ڈی آر ایس کا استعمال بھی بہتر انداز میں نہیں کر سکی۔