کراچی : رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران برساتی صورتحال کے پیش نظر دوران برسات عوامی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے رین ایمرجنسی پلان پر عملد آمد کو یقینی بنا نے کے لئے الرٹ رہیں ،نماز عید کے انتظامات کے لئے عید گاہوں اور مساجد و امام بارگاہوں کے کے اطراف صاف ستھرا اور روشن ماحول کا قیام یقینی بنا نے کے لئے تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز اسلم پرویز کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کا تفصیلی دورہ کرکے نماز عید کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کی جانب سے نماز عید کے حوالے سے جاری انتطامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران علاقائی سطح پر بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے ھوالے سے بلدیاتی اداروں کو موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی اور صحت مند ماحول کے قیام کے ساتھ عوام کو درپیش روز مرہ بلدیاتی مسائل سے نجات دلا نے کے لئے وسائل اور کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ سڑکوں شاہ فیصل کالونی اور ملحقہ آبادیوں میں سڑکیں اور گلیوں کی حالت انتہائی ناگفتہ ہوچکیں ہیں اس کی تعمیر و مرمت کے لئے فوری اقدامات کرکے عوام کو مشکلات سے چھٹکارہ دلا ئی جائے ۔اس موقع پر ایم این اے اقبال محمد علی خان نے بلدیہ افسران کو ہدایت کی کہ عید کی تعطیلات کے دوران فیملی پارکوں پر عوام کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا ئی جائے۔