فیصل اور مینا بازار کے اطراف سے تجاوزات کا خاتمہ

Traffic

Traffic

کراچی (جیوڈیسک) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے مینا بازار اور فیصل بازار کریم آباد کے اطراف سے ٹھیلے، پتھارے، پان کے کیبن، گنے کی مشینیں اور دیگر تجاوزات ہٹا کر فٹ پاتھ کو پیدل چلنے والوں کے لئے صاف کردیا۔

آپریشن کی نگرانی محکمہ اینٹی انکروچمنٹ کے ڈائریکٹر مظہر خان نے کی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر مسرور اقبال اور دیگر عملہ بھی اس موقع پر موجود تھا۔ عملے نے واٹر پمپ کے نالے پر قائم تجاوزات اور دستگیر بلاک 15 سے بھی تجاوزات کا خاتمہ کردیا۔

تجاوزات کے خاتمے سے فٹ پاتھ پر شہریوں کو آمدورفت اورخریداری کیلئے آنے والے شہریوں کو آسانی ہوگئی اور روڈ پر ٹریفک کی روانی میں بہتری آگئی۔ واضح رہے کہ کریم آباد میں مینا بازار اور فیصل بازار کے سامنے فٹ پاتھ پر طویل عرصے سے پتھارے، پان کے کیبن اور ٹھیلے لگنے کی وجہ سے اس مقام پر اکثر ٹریفک جام رہتا تھا اور شہریوں کو یہاں سے گزرنے اور خریداری کے لئے آنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔