تہران (جیوڈیسک) ایران نے عراقی سرحد کے قریب اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ایک جاسوس ڈرون طیارے کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی عسکری حکام کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ملک کے مغربی صوبے کرمانشاہ میں عراقی سرحد کے قریب ایک غیر ملکی جاسوس ڈرون بلا اجازت ایرانی فضائی حدود میں داخل ہوا جسے فوری طور پر میزائل شکن نظام کے ذریعے تباہ کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایک جاسوس ڈرون طیارہ تھا جو کہ ہتھیاروں سے لیس نہیں تھا تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ اس ڈرون کا تعلق کس ملک سے تھا۔
واضح رہے کہ ایران اس سے قبل بھی اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر امریکی اور اسرائیلی ڈرونز کو تباہ کرچکا ہے، گزشتہ سال ایرانی فضائیہ نے ایک جوہری مرکز کے قریب اسرائیلی ساختہ اسٹیلتھ ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا جب کہ 2011 میں فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ایک امریکی ڈرون کو مار گرایا تھا۔