واشنگٹن (جیوڈیسک) اطلاعات ہیں کہ امریکا نے ڈرون طیارے کی تباہی کے بعد ایرانی حکومت پر سائبر حملہ کیا ہے۔ سائبر سکیورٹی کی کمپنیوں کے مطابق ایران کی جانب سے بھی امریکی اداروں اور کمپینوں پر سائبر حملے بڑھ گئے ہیں۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا نے ایران کے میزائل نظام اور خفیہ ایجنسیوں کے نیٹ ورک کے خلاف اس ہفتے سائبر حملے کیے ہیں۔ واشنگٹن پوسٹ نے لکھا ہے کہ صدر ڈونلد ٹرمپ نے سائبر کمانڈ کے ملکی ادارے کو جمعرات کے روز ان ڈیجیٹل حملوں کے احکامات دیے تھے۔
اس اخبار نے امریکی حکومتی نمائندوں کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اس دوران ان کمپیوٹرز کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی، جو ایران کے راکٹ اور میزائل نظام کو کنٹرول کرتے ہیں۔ یہ سائبر کارروائی صدر ٹرمپ کے ایران پر فضائی حملوں کا فیصلہ واپس لیے جانے کے بعد کی گئی۔
خلیج ہرمز کے علاقے میں ایک امریکی ڈرون گلوبل ہاک کے مار گرائے جانے کے بعد امریکی صدر نے مبینہ طور پر ایران کے خلاف ‘جوابی حملوں‘ کا یہ حکم دے تو دیا تھا لیکن پھر امریکی کانگریس کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد انہوں نے فوری طور پر یہ حکم منسوخ بھی کر دیا۔
واشنگٹن کا کہنا ہے کہ ڈرون کو بین الاقوامی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ تہران کا موقف ہے کہ ڈرون نے ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔
پابندیوں کے صدارتی حکم نامے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پانچ اگست کو دستخط کیے۔ ٹرمپ کے مطابق ایران پر اقتصادی دباؤ انجام کار اُس کی دھمکیوں کے خاتمے اور میزائل سازی کے علاوہ خطے میں تخریبی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے ایک جامع حل کی راہ ہموار کرے گا۔ ٹرمپ کے مطابق جو ملک ایران کے ساتھ اقتصادی رابطوں کو ختم نہیں کرے گا، اُسے شدید نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ٹرمپ نے ہفتے کے روز کہا کہ جب انہیں علم ہوا کہ روایتی فوجی حملے میں تقریباً ڈیڑھ سو عام شہری ہلاک ہو سکتے ہیں تو انہوں نے ایران پر حملہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم امریکا اگلے ہفتے ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے والا ہے۔ ماہرین کے مطابق امریکی حملے کے بعد ایران کی جانب سے بھی کوئی نہ کوئی رد عمل سامنے آتا اور اس طرح مشرق وسطی کا پورا خطہ آگ کی لپیٹ میں آ سکتا تھا۔
یاہو نیوز نے پہلے خبر دی تھی کہ امریکی سائبر کمانڈ نے ایران کے اس خفیہ گروپ کو بھی نشانہ بنایا، جو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کی آمد و رفت کی نگرانی کرتا ہے۔
قومی سلامتی کے امریکی ادارے کے مطابق حالیہ دنوں میں ایران کی جانب سے امریکی سرکاری اداروں پر کیے جانے والے ڈیجیٹل حملوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا ان میں سے کوئی وار کامیاب بھی رہا۔