واشنگٹن (جیوڈیسک) تہران کی جانب سے اپنے جوہری پروگرام کو بڑھانے کے خدشات اب بھی مو جود ہیں، امریکی وزیر خا رجہ کا انٹرویو امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ امریکہ کو اب بھی خدشات ہیں کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کو بڑھانا بند نہیں کرے گا۔
ایک امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم اندھے نہیں ہیں اور میرے خیال میں نہ ہی ہم بیوقوف ہیں۔ جان کیری کا یہ بیان اس وقت آیا ہے جب ایک روز قبل جنیوا میں ایران اور دنیا کی چھ بڑی طاقتوں کے درمیان ایرانی جوہری پروگرام کے حوالے سے تین روز تک مذاکرات ہوئے۔
مذاکرات کے اختتام تک کوئی معاہدہ تو طے نہ پا سکا تاہم بیشتر سفارتکاروں کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی۔ جان کیری نے کہا کہ امریکہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ جو بھی معاہدہ طے پائے وہ بہتری کے لئے ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکومت کے سنجیدہ ترین ماہرین جنہوں نے اپنی ساری عمر ایرانی امور اور جوہری عدم پھیلائو پر کام کرتے گزاری ہے ہمارے ساتھ ان مذاکرات میں شریک ہیں۔
ادھر اسرائیلی وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ وہ عالمی برادری کے رہنمائوں کو اس بات پر راضی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ جلد بازی میں کسی ”برے معاہدے” میں نہ پھنس جائیں۔ بنیامن نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ وہ اس بات سے واقف ہیں کہ ایران کے ساتھ معاہدہ کرنے کی خواہش ضرور ہے مگر حکومتوں کو انتظار کرنا چاہیے اور معاملات پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔
اس سے پہلے ایرانی وزیرِ خارجہ محمد جواد ظریف نے امید ظاہر کی تھی کہ آئندہ مذاکرات میں معاہدہ طے کر لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ حالیہ مذاکرات کے نتیجے سے مایوس نہیں ہیں اور ان میں تمام فریق معاملے کو حل کرنا چاہتے تھے۔