ایران (اصل میڈیا ڈیسک) ایک باخبر ذرائع نے ہفتے کے روز “رائیٹرز” کو بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو پیر کے روز اسرائیل کا دورہ کریں گے۔ اس کے بعد وہ منگل کے روز متحدہ عرب امارات جائیں گے۔ ان دونوں ملکوں کے دورے کا مقصد حال ہی میں یو اے ای اور تل ابیب کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کو آگے بڑھانا، چین اور ایران جیسے اہم معاملات پر اپنے دیرینہ اتحادیوں سے صلاح مشورہ کرنا ہے۔
ذرائع نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پومپیو کے ایجنڈے میں ان سیکیورٹی چیلنجوں پر تبادلہ خیال کرنا بھی شامل ہے جو ایران اورچین کی وجہ سے امریکا کو درپیش ہیں۔
پومپیو 24 گھںٹے اسرائیل میں قیام کریں گے جہاں ان کی ملاقات اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ہو گی۔
امریکی میڈیا نے بتایا ہے کہ پومپیو ایک علاقائی دورے کے تحت آئندہ ہفتے سوڈان کا دورہ کریں گے۔
یاد رہے کہ امریکی وزیر خارجہ ایک ایسے وقت میں امارات اور اسرائیل کا دورہ کر رہے ہیں جب رواں ماہ 13 اگست امارات اور اسرائیل نے ایک امن معاہدے کا اعلان کیا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان امن معاہدے کا اعلان سب سے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے’ٹویٹر’ پر پوسٹ کردہ ایک ٹویٹ میں کیا اور اس معاہدے کو تاریخی فیصلہ قرار دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین معاہدے سے فلسطینی اراضی کے اسرائیل سے الحاق کے پروگرام کو منجمد کر دے گا۔