آبنائے ہرمز ایران کے کنٹرول میں تھی نہ ہو گی: امریکی وزیر خارجہ

Mike Pompio

Mike Pompio

امریکا (جیوڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی جہاز رانی کا سلسلہ جاری ہے اور ایران کا اس پر کنٹرول نہیں ہے۔

ایک ٹوئیٹ میں پومپیو نے کہا کہ “آبنائے ہرمز ایک بین الاقوامی آبی گزرگاہ ہے۔ امریکا خطّے میں اپنے حلیفوں کے ساتھ کام کرتا رہے گا تا کہ بین الاقوامی آبی گزر گاہوں میں بین الاقوامی جہاز رانی اور تجارت کے آزادانہ بہاؤ کو یقینی بنایا جا سکے”۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز کی بندش کی دھمکی دیتے ہوئے باور کرایا تھا کہ خلیجِ عربی میں اس آبی گزر گاہ پر اُس کا کنٹرول ہے۔ پاسداران کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پانی میں امریکی فورسز کی موجودگی کو روک دے گا۔

پاسداران انقلاب میں بحریہ کے کمانڈر جنرل علی رضا تنکسیری کا کہنا تھا کہ ایران عسکری اور تجارتی دونوں طرح کے جہازوں کی کڑی نگرانی کر رہا ہے اور خلیج کے راستے سمندری ترسیل روکنے کے لیے آبنائے ہرمز کی بندش خارج از امکان نہیں۔