ایران (اصل میڈیا ڈیسک) ایران میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 354 ہو گئی ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے میں مزید 63 افراد مارے گئے ہیں۔ملک میں مہلک وائرس پھیلنے کے بعد ایک دن میں یہ سب سے زیادہ تعداد ہلاکتیں ہیں۔
ایران کی وزارتِ صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور نے بدھ کو ایک نشری نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ لیبارٹری کے نئے نتائج کی بنیاد پر کووِڈ-19 کے 958 کے نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔اس کے بعد اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 9000 ہوگئی ہے۔
جہانپور نے گذشتہ روز خبردار کیا ہے کہ ایران کے نئے سال نوروز کے 20 مارچ کو آغاز سے قبل مہلک وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔انھوں نے لوگوں پر زوردیا ہے کہ وہ اپنے سفر کو محدود کردیں۔ان کا کہنا تھا کہ مہلک وائرس سے بیمار پڑنےوالوں کی شرح بدستور بڑھتی جارہی ہے۔
ایران مشرق اوسط کا واحد ملک ہے جو چین سے پھیلنے والے وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔خطے بھر میں کرونا وائرس کے دس ہزار مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے لیکن ایران کے سوا دوسرے ممالک میں اس مہلک وائرس سے کوئی موت نہیں ہوئی ہے۔
ایران میں حالیہ دنوں میں میتھانول کے استعمال سے 37 ہلاکتیں ہوئی ہیں اور 270 افراد کو حالت غیر ہونے کے بعد اسپتال پہنچایا گیا ہے۔ان لوگوں نے میتھانول کو کرونا وائرس کا تریاق سمجھ کر پیا تھا مگر وہ تن درست ہونے کے بجائے موت کے مُنھ میں چلے گئے یا زیادہ بیمار ہوگئے ہیں۔واضح رہے کہ ایران میں الکوحل اور دیگر مُنَشّی مشروبات کے استعمال پر پابندی عاید ہے۔