امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے کل پیر کو کہا ہے کہ امریکا مصر کے ساتھ ایران کے مذموم عزائم کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مصر کے ساتھ مل کر ایران کے مذموم عزائم کا مقابلہ کریں گے۔
واشنگٹن میں مصری وزیر خارجہ سامح شکری کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے ایران کے معاملے پر قاہرہ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے لیبیا سے غیر ملکی افواج اور کرائے کے فوجیوں کو نکالنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے لیبیا کے انتخابات اگلے دسمبر میں شیڈول کے مطابق کرانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
سوڈان میں جاری تازہ سیاسی پیش رفت کے بارے میں بات کرتے ہوئے بلنکن نے سوڈان میں ہنگامی حالت کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے سوڈان میں عبوری مرحلے کو اس کے درست ٹریک پر واپس لانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے انسانی حقوق کے حوالے سے مصر کی حکمت عملی کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔
مصری وزیر خارجہ سامح شکری نے اپنے امریکی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ایک بیان میں، مصری وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ شکری نے دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک ڈائیلاگ کی سرگرمیوں کے آغاز سے قبل بلنکن سے واشنگٹن میں ملاقات کی اور انہوں نے دو طرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔