ایران حتمی جوہری معاہدے کیلیے مذاکرات کو تیار

Hassan Rohani

Hassan Rohani

تہران (جیوڈیسک) ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلیے بات چیت کو تیار ہے۔

انھوں نے یہ بات ایران کے دورے پرآئے ہوئے سویڈش وزیر خارجہ کارل بلڈٹ سے ملاقات کے دوران کہی، ایرانی صدر نے کہا کہ ہم بات چیت کے حتمی مرحلے کے لیے بالکل تیار ہیں اور اس کو نتیجہ خیز بنانا چاہتے ہیں، انھوں نے کہا کہ اگر مغرب مخلص اور سنجیدہ ہے تو پھر سمجھوتا طے پانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ ایران اور 6 بڑی طاقتوں کے درمیان مذاکرات کا نیا دور فروری کے تیسرے ہفتے میں شروع ہو گا۔

ایران اور 6 بڑی طاقتوں کے درمیان جنیوا میں 24 نومبر کو جوہری پروگرام پر قدغنوں سے متعلق 6 ماہ کیلیے عبوری سمجھوتا طے پایا تھا۔ اس پر جنوری سے عمل درآمد کا آغاز ہوا ہے اور جولائی میں یہ ختم ہو جائے گا۔