اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی 25 مارچ سے پاکستان کا دورہ کرینگے، ڈاکٹر حسن روحانی کا بطور صدر یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا۔
ان کے ہمراہ وزراء اور تاجروں پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آئے گا۔ ڈاکٹر حسن روحانی صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقاتیں کریں گے۔
پاک ایران دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دو طرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہو گی۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر کے دورہ سے پاکستان اور ایران کے تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔
پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخی اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔