تہران (جیوڈیسک) ایران نے بھارت اور برازیل میں ریفائنری تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق قومی تیل کمپنی کے مینیجنگ ڈائریکٹر عباس کاظمی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس سلسلے میں معاہدہ طے پانے کے بعد ان ملکوں میں تعمیر ہونے والی ریفائنریوں کے لئے خام تیل ایران فراہم کرے گا۔
عباس کاظمی نے تہران میں تیل اور گیس کی بیسویں بین الاقوامی نمائش کے موقع پر کہاکہ ایران کی گیس پیداوار بڑھا کر بجلی گھروں اور بڑی صنعتوں میں لیکویڈ ایندھن کا استعمال کم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ گذشتہ برسوں میں عراق کے لئے روزانہ تقریبا تین ملین لیٹر آئیل مصنوعات برآمد کی گئیں۔