واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی حکومت نے ایران سے تجارتی روابط کے الزام میں مزید تیس ادارے اور شخصیات بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان کے ساتھ لین دین پر پابندی عاید کر دی ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ایران کو حساس ٹیکنالوجی منتقل کرنے، اس کے میزائل پروگرام میں معاونت کرنے اور ایران اور شمالی کوریا پر عاید پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر تیس اداروں اور غیر ملکی شخصیات کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔
وزارت خارجہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ایران سے رابط پر بلیک لسٹ کی گئی شخصیات اور کمپنیوں میں 11 چین اور شمالی کوریا سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ وہ ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے لیے تہران کو حساس ٹیکنالوجی فراہم کرتے رہے ہیں۔
اس کے علاوہ 19 دوسرے اداروں اور افراد پر ایران، شمالی کوریا اور شام میں خصوصی ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عاید پابندیوں کی خلاف ورزی پر انہیں بلیک لسٹ کیا گیا ہے۔