ایران میں میچ دیکھنے پر گرفتار خاتون ضمانت پر رہا

Ghoncheh Ghavami

Ghoncheh Ghavami

تہران (جیوڈیسک) غنچہ قوامی کے خاندان کے مطابق غنچہ کو درپیش صحت کے مسائل کی وجہ سے رہا کیا گیا ہے اور وہ اپیل کورٹ کے فیصلے تک تہران میں اپنے والدین کے پاس رہیں گی۔

غنچہ قوامی کے بھائی نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ان کی بہن کو چند گھنٹے قبل ہی جیل سے رہا کیا گیا ہے۔ ہر کوئی جانتا ہے کہ انھوں نے کچھ نہیں کیا اور ان کو گزشتہ پانچ ماہ بھی جیل میں نہیں ہونا چاہیے تھا۔ ایران کے ایک اخبار نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر لکھا ہے کہ غنچہ قوامی کو 38 ہزار ڈالرز ضمانت کی رقم ادا کرنے پر رہا کیا گیا ہے۔

غنچہ کے وکیل کے مطابق ان کی موکلہ کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے تاہم ان کے خاندان کا کہنا ہے کہ پراسیکیوٹر نے ان کے سزا کی تصدیق ابھی تک نہیں کی۔ 25 سالہ غنچہ قوامی کو رواں سال جون میں اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ مردوں کا والی بال میچ دیکھنے سٹیڈیم گئیں تھیں۔