واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے دعوی کیا ہے کہ ایران، مشرق وسطیٰ اور یورپ کے لئے باعثِ خطرہ، بین البراعظمی گائیڈڈ میزائل بنانے کے چکر میں ہے۔
پومپیو نے کل، ایران کے پہلی خلائی گاڑی چھوڑنے سے متعلق، جاری کردہ ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ ایران نے خلاء میں مواصلاتی سیارہ بھیج کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فیصلہ نمبر 2231 کی خلاف ورزی کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس حرکت نے ایک دفعہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ ایران بین البراعظمی گائیڈڈ میزائل بنانے کے چکر ہے ، جو مشرق وسطی اور یورپ کے لئے خطرے کا باعث ہو گا۔
واضح رہے کہ ایران نے گذشتہ ہفتے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ وہ 3 مواصلاتی سیارے خلاء میں بھیجے گا۔
ایران کے اس بیان پر امریکی انتظامیہ کی طرف سے ردعمل کا اظہار کیا گیا تھا اور وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ خلائی سیاروں کو چھوڑنے کے لئے استعمال کی جانے والی ٹیکنالوجی وہی ہے جو بین البّراعظمی گائیڈڈ میزائل میں استعمال کی جاتی ہے۔
پومپیو نے تہران انتظامیہ کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے ان کاروائیوں کو بند نہ کیا تو اس پر زیادہ سخت اقتصادی و سفارتی پابندیاں لگائی جائیں گی۔