ایران : موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، 2 افراد کو پھانسی

Iran

Iran

ایران (جیوڈیسک) میں موساد اور سی آئی اے کیلئے جاسوسی کرنے کے الزام میں 2 افراد کو پھانسی دے دی گئی۔تہران ایران نے اسرائیل اور امریکہ کیلئے جاسوسی کرنے کے الزام میں 2 افراد کو پھانسی دے دی۔ تہران کے استغثی کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق محمد حیدری کو پیسوں کے عوض اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد جبکہ کروش احمدی کو امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کو انٹیلی جنس معلومات فراہم کرنے کے جرم میں پھانسی دے دی گئی۔

ایران نے متعدد بار امریکہ اور اسرائیل کے خفیہ اداروں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ موساد اور سی آئی اے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے ملک کے ایٹمی پروگراموں کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں جس کے بعد ایران کے خفیہ اداروں نے ایسے ایجنٹوں کیخلاف اپنی کارروائیاں تیز کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال مئی کے مہینے میں ایران نے چوٹی کے ایٹمی سائنسدان کو قتل کرنے کے الزام میں موساد کے ایجنٹ مجید جمالی فاشی کو پھانسی دی تھی۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے موساد سے ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر لئے تھے۔