تہران (اصل میڈیا ڈیسک) ایرانی صدر حسن روحانی نے اس بارے میں امید پسندی کا اظہار کیا ہے کہ ایرانی جوہری معاہدے کی بحالی اور تہران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے سے متعلق بات چیت کامیاب رہے گی۔ روحانی کے مطابق اب اس بات چیت میں صرف تفصیلات پر اتفاق رائے ہونا باقی ہے۔
دو ہزار پندرہ میں ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر دستخط کرنے والے امریکا اور دیگر بڑے ممالک نے اس بیان پر کوئی فوری ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
ایران کے سرکاری میڈیا نے صدر روحانی کے ایک بیان کے حوالے سے بتایا کہ ایران اب اس مقام پر پہنچ گیا ہے، جہاں امریکا اور یورپی ممالک کھل کر کہہ رہے ہیں کہ ان کے پاس تہران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے اور جوہری معاہدے کی بحالی کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہے۔