ایران (اصل میڈیا ڈیسک) ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے گذشتہ اتوارکو نطنز میں واقع جوہری پلانٹ میں دھماکے میں ملوّث مشتبہ ملزم کی شناخت کا دعویٰ کیا ہے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی نے ہفتے کے روز ایک نشر یے میں کہا ہے کہ اس تخریبی کارروائی میں ملوّث مشتبہ ملزم کا نام رضا کریمی ہے۔اس کو وزارت برائے سراغرسانی نے شناخت کرلیا ہے لیکن وہ گذشتہ اتوار کو نطنزمیں جوہری تنصیب سے قبل ملک سے راہ فرار اختیار کر گیا تھا۔
ٹیلی ویژن پر اس کی ایک تصویر جاری کی گئی ہے۔اس کے ساتھ ایک سُرخ کارڈ پر بین الاقوامی پولیس ایجنسی ’’انٹرپول کو مطلوب‘‘ لکھا ہے۔اس میں اس کی عمر 43 سال درج ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس شخص کی بیرون ملک سے گرفتاری اور قانونی ذرائع سے ایران میں واپسی کے لیے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں مگر اس میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ وہ فرار ہوکر کس ملک میں چلا گیا ہے۔
ایران نے اپنے دشمن ملک اسرائیل پر نطنز میں واقع یورینیم افزدوہ کرنے کی تنصیب میں دھماکے کا الزام عاید کیا تھا۔ اس کے نتیجے میں سینٹری فیوجز کو نقصان پہنچا تھا۔ایران نے اب ان مکمل یا جزوی تباہ شدہ سینٹری فیوجز مشینوں کو تبدیل کردیا ہے۔
ایرانی ٹی وی کی رپورٹ میں ان کی فوٹیج نشر کی گئی ہے اور ساتھ یہ بتایا گیا ہے کہ دھماکے سے بڑی تعداد میں سینٹری فیوجز پر یورینیم کو افزودہ کرنے کی سرگرمی متاثر ہوئی تھی لیکن اب وہاں معمولات کار بحال ہو چکے ہیں۔