لوزان (جیوڈیسک) ایران کے ایٹمی پروگرام پر سمجھوتے کی ڈیڈ لائن کا آج آخری دن ہے،امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ کوشش کررہے ہیں کہ آج رات ڈیڈ لائن ختم ہونے سے قبل ایران سے ایٹمی معاہدہ ہوجائے ، تاہم اب بھی کچھ مسائل حل طلب ہیں۔
سوئٹزرلینڈ کے شہرلوزان میں ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہناتھاکہ امریکا اپنے مغربی حلیف ممالک کے ساتھ کوشش کررہا ہے کہ ایران ایٹمی معاہدے کو حتمی شکل دیدی جائے تاہم اب بھی کچھ مشکل مسائل حل ہونا باقی ہیں اور کوشش ہے کہ آج رات تک ان کا حل بھی ڈھونڈ نکالا جائے۔
دوسری جانب یورپی یونین کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کی صورت میں مشرق وسطی میںپراکسی جنگوں کا خطرہ بڑھ جائیگا۔ان خیالات کا اظہار یورپی یونین کے انسداد دہشتگردی کے کوآرڈینیٹر نے یورپی پارلیمنٹ سے خطاب میں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران سے ایٹمی معاہدے کو خطے میں موجود سنی ممالک اپنے لیے خطرے کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور اس کا تدارک کرنے کیلئے پراکسی جنگوں کا خطرہ بڑھ جائیگا اور ان ممالک کی جانب سے شدت پسند گروپوں کی حمایت کا امکان بھی موجود ہے ۔ادھر بوسٹن میں تقریب سے خطاب میں صدر باراک اوباما کا کہنا تھا کہ جان کیری اس وقت معاہدے کی کوششوں میں مصروف ہیں تاہم ایک بات واضح ہے کہ یہ معاہدے کسی خوف کے تحت نہیں ہونا چاہئے۔