اسرائیل (اصل میڈیا ڈیسک) اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے عالمی برادر پر ایران کو ایٹمی ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہےکہ اس سے پہلے کہ دیر ہوجائے پوری دنیا ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کےعمل میں شامل ہوجائے۔
اسرائیلی اخبار’ٹائمز آف اسرائیل‘ کے مطابق وزیر دفاع نے کہا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیاروں کا آنا مشرق وسطیٰ میں ہتھیاروں کی دوڑ کو متحرک کرے گا۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ایران کے جوہری ہتھیاروں کے حصول سے نہ صرف اسرائیل کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے بلکہ یہ خطے میں ایرانی جارحیت کو بڑھانے اورخطے کے ممالک میں جوہری ہتھیاروں کے حصول کی دوڑ کا باعث بنے گا۔
گذشتہ منگل کو اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے کہا تھا کہ تل ابیب ایران کے ایٹمی پروگرام پر خفیہ حملے جاری رکھے گا اور ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کی بحالی کی واشنگٹن کی کوششوں کی مخالفت کرے گا۔
بدھ کے روزاسرائیلی وزیر دفاع نے دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کی فوجی ایٹمی پیش قدمی کو روکنے کا منصوبہ لے کر آئے۔
60 سے زائد غیر ملکی سفیروں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل اس امکان کو رد نہیں کرتا کہ اسے ایران کے خلاف دوبارہ کارروائی کرنا پڑے گی۔ ہم نے ماضی میں بھی متعدد بار ایران کو ایٹمی ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کی کوشش کی ہے۔