تہران (جیوڈیسک) ایران میں پارلیمانی انتخابات جمعہ کو ہوں گے اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ ایران کے دو سابق صدور محمد خاتمی اور علی اکبر ھاشمی رفسنجانی نے جمعہ کو ملک میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں عوام سے اصلاح پسند امیدواروں کو ووٹ دے کر انہیں کامیاب بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سابق صدر محمدخاتمی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عوام نے 2013ء کے صدارتی انتخابات میں پہلا قدم اٹھایا اور حسن روحانی جیسے اصلاح پسندرہ نما کو ملک کا صدر منتخب کیا۔ آج دوسرا قدم اٹھانے کا وقت آ گیا ہے۔ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مجلس شوریٰ اورگارڈین کونسل کے انتخابات کے موقع پر اصلاح پسند اور اعتدال پسند قیادت کو ووٹ دیں۔
خیال رہے کہ ایران میں آئندہ جمعہ کو پارلیمنٹ اور گارڈین کونسل کے انتخابات کے دوران عوام اپنا حق رائے دیہی استعمال کریں گے۔ یہ انتخابات ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب ایران میں اصلاح پسندوں اور بنیاد پرستوں میں سخت مقابلے کی کیفیت ہے۔
واضح رہے کہ ایران کی ماہرین کونسل کے رکنیت کے لیے صدر حسن روحانی اور ھاشمی رفسنجانی کے نام بھی تجویز کیے گئے ہیں۔ ان رہ نماؤں کی کوشش ہے کہ آیت اللہ محمد یزدی جیسے قدامت پسندوں کو ماہرین کونسل سے دور کیا جا سکے۔حسن خمینی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انتخابات کے بائیکاٹ کا کوئی جواز نہیں ہے۔ جسے کوئی اعتراض یا شکایت ہو وہ انتخابات کے بعد اپنا احتجاج ریکارڈ کرا سکتا ہے لیکن یہ ہفتہ ووٹ ڈالنے کا ہے۔