ایران (جیوڈیسک) سپاہِ پاسداران انقلاب کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے اسرائیل کو دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے ایران پر حملہ کیا تو اس کو تباہ کر دیا جائے گا۔
انھوں نے یہ دھمکی اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے حالیہ تندوتیز بیانات کے ردعمل میں دی ہے جن میں انھوں نے ایران کی فوجی طاقت کو بروئے کار لانے کا عندیہ دیا تھا ۔صہیونی وزیراعظم نے ان بیانات میں شام میں ایرانی اہداف پر حالیہ ایک حملے کا حوالہ دیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے حالیہ مہینوں کے دوران میں شام میں ایران اور اس کی اتحادی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے اہداف کو متعدد مرتبہ نشانہ بنایا ہے۔
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے کہا :’’ ہم یہ اعلان کرتے ہیں کہ اگر ا سرائیل نے ہمارے خلاف جنگ مسلط کرنے کے لیے کوئی بھی اقدام کیا تو اس سے یقیناً اس کے اپنے ہی استیصال کی را ہ ہموار ہوگی اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو آزاد کرا لیا جائے گا‘‘۔
ایرانی عہدے دار ماضی میں یہ کہہ چکے ہیں کہ اگر اسرائیل نے کوئی حملہ کیا تو اس کا فوری جواب دیا جائے گا جبکہ صہیونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو بھی ایران کو آئے دن اسرائیل کی فوجی طاقت سے ڈراتے دھمکاتے رہتے ہیں۔
اسرائیل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 2015 ء میں ایران کے ساتھ طے شدہ جوہری سمجھوتے سے دستبرداری کے فیصلے کی حمایت کی تھی ۔اس نے گذشتہ نومبر میں ایران کے خلاف امریکا کی اقتصادی پابندیوں کے دوبارہ نفاذ کا بھی خیرمقدم کیا تھا۔
اسرائیل ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو اپنے وجود کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔تاہم ایران کا کہنا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پُرامن مقاصد کے لیے ہے، اس کا بیلسٹک میزائلوں کا پروگرام دفاع کے لیے ہے اور اس پر کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے۔