ایران نے وزیراعظم پاکستان کے طیارے کو ایندھن دینے سے انکار کیا تھا

Plane

Plane

کراچی (جیوڈیسک) ایرانی حکام نے گزشتہ ماہ تہران کے دورے کے دوران پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کے طیارے کو ایندھن فراہم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ پی آئی اے کے ذمے 5ہزار ڈالر کے واجبات تھے جو ادا نہیں کیے گئے تھے۔

پی آئی اے کے ترجمان نے اس واقعے کی تردید کردی ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان کی سرکاری ائیر لائن کے ایک سینئر اہلکار نے بھارتی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی ائیر پورٹ حکام نے 12 مئی کو تہران کے ہوائی اڈے پر پاکستانی وزیراعظم کے ہوائی جہاز کو ایندھن کی فراہمی سے انکار کر دیا۔

اور خبردار کیا کہ جب تک پی آئی اے اپنے واجبات کی ادائیگی نہیں کرتی ، اس وقت تک ہوائی جہاز کو اڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،یہ رقم صرف پانچ ہزار ڈالرتھی۔ اخبار کے مطابق وی وی آئی پی پرواز سے نمٹنے کے ذمہ دار ایرانی ایئر حکام نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا کہ چار ماہ گزرنے کے باوجود پی کے 788 کے زیر التواء انوائس کلیئر کرنے میں پی آئی اے ناکام رہی۔

اس وارننگ نے پی آئی اے کے اعلیٰ حکام کے کان کھڑے کردیئے جنہوں نے تہران میں موجود پی آئی اے کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر رقم کی ادائیگی کرکے پاکستان کو شرمندگی سے بچائے۔ رپورٹ کے مطابق پی آئی اے نے اس ایشو کو دفتر خارجہ اور وزیر اعظم سے چھپایا۔

پی آئی اے کے ترجمان مشہود تاجور نے اس واقعے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی واقعہ پیش ہی نہیں آیاکہ ادائیگی کے معاملے پر تہران کے ہوائی اڈے پر وزیر اعظم کے طیارے کو روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی ایرانی حکام کو 5646 ڈالر کی ادائیگی کی جاچکی تھی۔

تفصیلات کے مطابق لندن سے کراچی جانے والی پی آئی اے کی پی کے 788 فلائیٹ نے 18 جنوری کوتہران میں ہنگامی لینڈنگ کی جب ایک مسافر عبدالجبار عباسی کی صحت کو سنگین مسائل لاحق ہوئے۔ ایرانی فضائی حکام سے طیارے کی لینڈنگ سے پہلے ڈاکٹر اور ایمبولینس سمیت تمام ضروری انتظامات کرنے کی درخواست کی گئی۔

لینڈنگ کے بعد مسافر کو آزادی ہسپتال لے جایا گیا،تاہم وہ مسافر طبی وجوہ سے جاں بحق ہو گیا۔ پاکستان کو لینڈنگ ، پارکنگ ، نیویگیشن ، موسم اور ہوائی جہاز کے ایندھن کی مد میں ایران کو پانچ ہزار ڈالر سے زائد رقم کی ادائیگی کی جانی تھی ۔مگر نقد رقم کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہوائی اڈے کے حکام کی طرف سے کریڈٹ پر ادائیگی کی گئی۔ ایران ائیر نے ان خدمات کے لئے 5646 ڈالر ادا کیے۔