ایران کی باغیوں کو سپورٹ کے مصدقہ ثبوت ہیں، سعودی عرب

Rebel

Rebel

سعودی عرب (جیوڈیسک) سعودی عرب کے نائب وزیر مذہبی امور و دعوت ارشاد عبدالعزیز العمار نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے یمن پر باغیوں کیخلاف فضائی کارروائی قانونی حکومت کی درخواست پر بحالت مجبوری کی۔

کراچی میں سعودی قونصل جنرل کی رہائش گاہ پر عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے ارشاد عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اس بات کے مصدقہ ثبوت ہیں کہ ایران باغیوں کی مکمل سپورٹ کر رہا ہے اور بغاوت کے پیچھے ایران ہی ہے، ہم جزیرہ عرب میں کسی کو مداخلت کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا دوست ملک ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ اس مرحلے پر ہمارے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔

عبدالعزیز العمار نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہمارے پاس اس بات کے بھی ثبوت ہیں کہ باغی اور ان کے سرپرست یمن پر یلغار کے بعد حرمین شریفین پر قبضہ کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں جسے کوئی بھی مسلمان برداشت نہیں کرے گا اور ہم بھی اپنے وطن اور حرمین شریفین کے تحفظ کیلیے ہر اقدام اٹھائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کا ایٹم بم صرف پاکستان کا نہیں بلکہ عالم اسلام کا ہے، پورے عالم اسلام کو اس پر فخر ہے۔

عشایے سے مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد رفیق عثمانی، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر، ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔