ایران میں ہوٹلوں اور کیفے میں ورلڈ کپ فٹبال میچز دکھانے پر پابندی

Iran

Iran

تہران (جیوڈیسک) گزشتہ ہفتے ایرانی پولیس نے ملک بھر کے سنیما گھروں میں مردوں اور عورتوں کے ایک ساتھ فٹبال ورلڈ کپ کے میچز دیکھنے پر پابندی عائد کر دی تھی، تاہم اب ایران کے دارلحکومت تہران میں پولیس نے کیفے اور ہوٹلوں میں ورلڈ کپ کے میچز دکھانے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

ایرانی نیوز ویب سائٹ افکار کے مطابق اس پابندی کا اطلاق ایران کے میچز پر بھی ہوگا، ایران کی کیفے یونین نے تمام ممبران سے کہا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کی نشریات کے دوران اپنے چینل تبدیل کردیں یا پھرٹی وی ہی بند کر دیں، کیفے مالکان کو ایس ایم ایس کے ذریعے کہا گیا ہے کہ وہ رات 12 بجے کے بعد وہ اپنے کیفے کو کھلا نہیں رکھ سکتے۔

سرکاری خبر رساں ادارے اسنا کے مطابق بہت سے کیفے اس پابندی کا اطلاق کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں جبکہ کچھ کیفیز نے پورے ٹورنامنٹ کے میچوں کے نشریاتی اوقات بھی شائع کئے ہیں، تاہم ایرانی شائقین ورلڈ کپ کے میچز ایران کے مختلف پارکوں میں بڑی اسکرینوں پر اوراپنے گھروں میں دیکھ سکیں گے، ایران کا پہلا میچ 16 جون کو نائیجیریا کیخلاف شیڈول ہے۔