ایران (اصل میڈیا ڈیسک) ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب نے محمد رضا فلاح زادہ کو بیرون ملک عسکری کارروائیوں کی ذمے دار القدس فورس کا نیا نائب کمان دار مقرر کیا ہے۔
ان کے پیش رو القدس فورس کے ڈپٹی کمانڈر محمد حجازی اتوار کو وفات پا گئے تھے۔ آئی آر جی سی نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ وہ دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور اسی سے ان کی موت واقع ہوئی ہے۔
لیکن سپاہ پاسداران انقلاب کے ترجمان رمضان شریف نے سوموار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ صحت کی مختلف پیچیدگیوں کا شکار تھے۔وہ 1980ءسے 1988ء تک ایران ،عراق جنگ کے دوران میں کیمیائی ہتھیاروں کے ایک حملے میں متاثر ہوئے تھے اور اس سے ان کی موت ہوئی ہے۔
رضا فلاح زادہ پاسداران انقلاب کے کوئی معروف کمانڈر نہیں رہے ہیں۔البتہ وہ اس کی بیرون ملک فوجی کارروائیوں میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔وہ قبل ازیں القدس فورس کے نائب رابطہ کار کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
وہ القدس فورس کے مقتول سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کے مقرب خاص تھے۔وہ شام میں تعینات ایرانی کمانڈروں میں سے ایک تھے۔جنگ زدہ شام میں تعیناتی سے قبل وہ 2007ء سے 2013ء صوبہ یزد کے گورنر رہے تھے۔
2019ء میں رضافلاح زادہ کو شام میں خدمات کےاعتراف میں بریگیڈئیرجنرل کے عہدے پرترقی دی گئی تھی اور انھیں القدس فورس کا نائب رابطہ کار مقرر کیا گیا تھا۔
میجرجنرل قاسم سلیمانی جنوری 2020ء میں عراق کے دارالحکومت بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر امریکا کے ایک میزائل حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔ان کے بعد اسماعیل قاآنی کو القدس فورس کا کمانڈر اور محمد حجازی کو ڈپٹی کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔