تہران (جیوڈیسک) سعودی سفارت خانے پر حملے کے الزام میں ایران نے 100 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
گزشتہ ماہ تہران میں سعودی عرب کے سفارت خانے پر ہونے والے حملے کے الزام میں ایران نے 100 افراد کو گرفتارکرلیا ہے۔ ایرانی عدلیہ کے اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ سعودی سفارت خانے پر حملے کے بعد سے اب تک 100 افراد کو گرفتار کیا گیا جب کہ حملے میں ملوث ایک شخص کو بیرون ملک سے گرفتار کیا گیا جس پر بعض حملہ آوروں کو سفارت خانے میں داخل ہونے کے احکامات دینے کا الزام ہے تاہم گرفتارافراد کی شناخت کے حوالے سے تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سعودی عرب کی جانب سے 47 افراد کو سزائے موت دی گئی جن میں شیخ نمرالنمربھی شامل تھے جس کے بعد تہران میں واقع سعودی سفارتخانے پر نہ صرف حملہ کیا گیا بلکہ اسے نذر آتش کردیا گیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ گئی اور سعودی عرب نے ایران سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔