ایران (اصل میڈیا ڈیسک) ایران کے ایک بہت بڑے تیل بردار بحری جہاز نے رواں ہفتے وینزویلا کی تیل کمپنی (PDVSA) کی مرکزی بندرگاہ پر اپنی کھیپ اتارنا شروع کر دی۔ یہ کمپنی وینزویلا کی ریاست کی ملکیت ہے۔ جہاز پر تقریبا بیس لاکھ بیرل مال موجود ہے۔ اس بات کا انکشاف ایک تجارتی دستاویز اور تیل بردار جہازوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی ایک خدمت نے کیا۔
وینزویلا کی مذکورہ ریاستی کمپنی اور ایران کی نیشنل آئل کمپنی نے گذشتہ برس کی دوسری شش ماہی میں مبادلے کے معاہدے پر عمل درامد شروع کیا تھا۔ معاہدے کے تحت ایرانی خام تیل کے بدلے وینزویلا کی PDVSA کمپنی کی مصنوعات فراہم کی جائیں گی۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کو موصول ہونے والی مستند معلومات کے مطابق ایران کا پرچم بردار ایک بڑا بحری آئل ٹینکر VLCC Starla جمعے کے روز وینزویلا کے پانی میں پہنچا تھا۔ یہ جہاز ایران کی نیشنل آئل کمپنی کی ملکیت ہے اور وہ ہی اسے چلاتی ہے۔
تیل بردار جہازوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی خدمت ٹینکرز ٹریکرز نے بھی اس امر کی تصدیق کی ہے۔
وینزویلا کی کمپنی PDVSA کی اندرونی دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مبادلے کی شرائط کے تحت خام تیل کو دسمبر میں حوالے کیے جانے کی توقع تھی تاہم خوسے کی بندرگاہ میں تیل کے ذخیرے کی جگہ دستیاب نہ ہونے کے سبب تاخیر ہوئی۔