ایران نے جنوبی کوریا کو ایک گول سے شکست دے کر آئندہ سال برازیل میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ جنوبی کوریا نے بھی بہتر گول اوسط کی بنیاد پر عالمی کپ میں جگہ بنالی۔ جنوبی کوریا کے شہر اولسان میں ہونے والے کوالیفائنگ رانڈ کے میچ میں ایران نے میزبان ٹیم کے خلاف ایک صفر سے کامیابی حاصل کی۔
پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف کے ابتدا میں ہی ایران نے برتری حاصل کی جو اختتام تک برقرار رہی۔ اس فتح نے ایران کو آئندہ سال برازیل میں ہونے والے عالمی کپ میں پہنچادیا ہے۔
ایران سے شکست کے باوجود جنوبی کوریا کی ٹیم نے بھی بہتر گول اوسط کی بنیاد پر ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ ادھر سڈنی میں شائقین نے آسٹریلوی ٹیم کے ورلڈ کپ تک رسائی پر خوب جشن منایا۔ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور ٹیم کے حق میں نعرے بازی کرتے دکھائی دیئے۔