سویڈن (جیوڈیسک) سویڈن کے انٹیلی جنس حکام نے ایک عراقی شہری کو حراست میں لیا ہے جس پر ایران کے لیے اور اھواز کے عربوں کے خلاف جاسوسی میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پولیس ملزم سے تفتیش کر رہی ہے۔
سویڈن کے انٹیلی جنس ادارے ‘سپو’ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے 45 سالہ ایک عراقی کو حراست میں لیا ہے جس پر ایران کے لیے جاسوسی کا الزام عاید کیا جاتا ہے۔
ملزم سے پراسیکیوٹر جنرل اور انٹیلی جنس ادارے کی زیرنگرانی تفتیش جاری ہے۔’ایس آر’ ریڈیو کی رپورٹ کےمطابق عراقی نژاد ایک سویڈش شہری کو حراست میں لیا گیا ہے جس پر ایران کے اھوازی عربوں کےخلاف جاسوسی کا شبہ ہے۔
گرفتار ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم اس کی عمر 45 سال بتائی جاتی ہے۔ اس پر ستمبر 2018ء سے مشکوک سرگرمیوں کی وجہ سے نظر رکھی گئی تھی۔سویڈش پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہےکہ عراقی نژاد ملزم کو گذشتہ بدھ کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ملزم 2013ء سے سویڈن میں مقیم ہے۔ حکام نے پہلے اس کی پناہ کی درخواست مسترد کری تھی جس کے باعث اسے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔