واشنگٹن(جیوڈیسک)امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ اگر ایران واقعی ایٹمی اسلحے کی بجائے پرامن جوہری طاقت چاہتا ہے تو اس کا عملی حل موجود ہے۔ایرانی عوام کے نام جاری وڈیوپیغام میں صدر اوباما نے ایران پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کیلئے ،فوری اور بامعنی قدم اٹھائے۔ صدر اوباما نے یہ پیغام نوروز کے موقع پر بھیجا ہے۔
اوباما نے کہا کہ ایرانی رہنما کہتے ہیں کہ جوہری پروگرام طبی تحقیق اور بجلی کے لئے ہے،لیکن وہ اس بارے میں بین الاقوامی برادری کو قائل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ ایرانی حکومت کشیدگی کم کرنے اور جوہری مسئلے کے پائیدار اور طویل مدت حل کیلئے فوری قدم اٹھائے۔ انھوں نے کہا کہ دوسرے ملکوں کے ساتھ زیادہ تجارت اور بہتر تعلقات سے ایرانی عوام کو فائدہ ہو گا، لیکن موجودہ راستے پر چلنا مزید تنہائی کا باعث بنے گا۔