واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے خبردار کیا ہے کہ جب تک شام میں ایرانی فورسز موجود ہیں امریکا شام کی تعمیر نو میں کسی قسم کی مدد نہیں کرسکتا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں مائیک پومپیو نے کہا کہ شام کی تعمیر نو میں اس وقت ہم کوئی مدد نہیں کر سکتے جب تک ایرانی ملیشیائیں اور فورسز شام میں موجود ہیں۔ پہلے ایرانی فورسز کو شام سے نکلنا ہوگا، اس کے بعد شام کی تعمیر نو کے بارے میں کچھ سوچیں گے۔ ایرانی فورسز کے شام سے مکمل طور پر نکل جانے کے بعد ہی امریکا شام میں تعمیر نو میں مالی مدد فراہم کرسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کو شام سے مکمل طورپر نکل جانے کی ضمانت دینا ہوگی، ورنہ ہم شام کی تعمیر نو کے لیے ایک ڈالر بھی صرف نہیں کریں گے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ شام میں جاری تنازع کا پرامن سیاسی حل چاہتے ہیں۔ شام کے حوالے سے ہمارے مطالبات میں پہلا مطالبہ ایرانی فورسز کا شام سے انخلاء ہے۔
ایران کے حوالے سے سخت موقف رکھنے والے امریکی مشیر جون بولٹن نے گذشتہ ماہ ایک بیان میںکہا تھا کہ “داعش” کی شکست تک امریکی فوج شام میں موجود رہے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اگر شام میں ایرانی فورس موجود رہتی ہیں تو امریکا بھی شام میں موجود رہے گا۔ پچھلے ماہ ہی روسی صدر ولادی میر پوتین نے شام کی تعمیر نوکے لیے ڈونرممالک کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔