سعودی عرب (جیوڈیسک) جنرل اسمبلی کے حالیہ اجلاس کے دوران اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے قائم مقام مندوب نے الزام عاید کیا ہے کہ ایران یمن، شام اور لبنان سمیت کئی دوسرے ملکوں میں دہشت گرد تنظیموں کی مادی اور معنوی مدد کر رہا ہے۔
اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مندوب سعد السعد نے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لبنان، شام اور یمن میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے میں ایرانی کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی رجیم منظم حکمت عملی کے تحت دہشت گرد گروپوں کو اسلحہ اور رقوم مہیا کر رہی ہے جو ایرانی شہ پر فرقہ واریت پھیلانے کی سازشوں میں سرگرم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت کی طرف سے یمن میں حوثی باغیوں کو بھی اسلحہ اور پیسہ فراہم کیا جا رہا ہے جس کی مدد سے وہ آئینی حکومت کے خلاف برسرجنگ ہیں۔
اقوام متحدہ میں قائم مقام مندوب کا کہنا تھا کہ اپنی سرحدوں اور شہریوں کا دفاع سعودی عرب کا حق ہے۔ سعودی عرب حوثی ملیشیا کی دہشت گردی کی روک تھام کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گا۔
اس موقع پر سعد السعد نے مملکت، کویت اور بحرین کو ایرانی اسلحہ کی اسمگلنگ روکنے کے تجربے پر بھی روشنی ڈالی۔