واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں بالخصوص ایرانی نژاد امریکی شہریوں کو ایران کے سفر کے خطرات کے بارے میں متنبہ کیا ہے۔
نیا سفری انتباہ پانچ اگست سے نافذ العمل انتباہ کی جگہ لے گا۔ اس میں امریکی شہریوں، خصوصی طور پر ایسے ایرانی امریکیوں کو جو دوہری شہریت رکھتے ہیں، ایران میں گرفتاری اور حراست میں لیے جانے کے خطرے کے بارے میں چوکنا کیا گیا ہے۔
انتباہ میں کہا گیا ہے کہ ایران میں ’’مختلف عناصر‘‘ امریکہ کے خلاف مخاصمانہ جذبات رکھتے ہیں، حالانکہ ایران اور چھ دیگر ملکوں نے جن میں امریکہ شامل ہے، گذشتہ جولائی میں ایران کے ساتھ جوہری سمجھوتہ طے کیا جس کے تحت ایران کو جوہری سرگرمیوں کی سطح گھٹانی ہے۔ محکمہ خارجہ کے انتباہ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی حکام کی جانے سے ’’امریکی شہریوں کو ہراساں، گرفتار اور حراست میں لینے کا عمل جاری ہے۔
چونکہ امریکہ کے ایران کے ساتھ سفارتی یا قونصل خانے کی سطح کے تعلقات نہیں ہیں، اس لیے امریکہ کے پاس ایران میں موجود امریکی شہریوں کی مدد کی صلاحیت محدود نوعیت کی ہے۔
محکمہ خارجہ نے ایران میں موجود امریکی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ ہمیشہ اْن کی دستاویزات تازہ ترین ہوں، اور ہنگامی صورت حال سے نبرد آزما ہونے کا خود ہی مقابلہ کریں۔