اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایران سے تجارت بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے، تجارت کی راہ میں حائل مشکلات کا جائزہ لے رہے ہیں اور انہیں دور کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر تجارت نے جمعہ کو وزارت میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں وزیر تجارت کو ایران کے ساتھ تجارت کی صورتحال، تجارت میں درپیش مشکلات اور تجارتی مواقع سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ پاکستان ایران کو چاول، گوشت، پیپر، گتہ، کیمیکلز، چینی، کینو اور کیلا وغیرہ برآمد کرتا ہے، پاکستان اور ایران کے درمیان یکم ستمبر 2006 کو ترجیحی تجارتی معاہدہ (پی ٹی اے) کیا گیا تھا جس میں پاکستان اور ایران نے ایک دوسرے کو 300 سے زائد ٹیرف لائنز پر ترجیحی ریٹس مقرر کرنے تھے اس کے باوجود دونوں ممالک کی تجارت میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا۔