تہران (اصل میڈیا ڈیسک) یوکرائن ایئرلائنز کا ایک طیارہ آج بدھ کو تہران کے امام خمینی ہوائی اڈے سے پرواز کرنے کے فوراً بعد ہی حادثے کا شکار ہوگیا اور اس پر سوار تمام 173 افراد ہلاک ہوگئے۔
ایران کی سرکاری ٹیلی ویژن نے بتایا کہ یوکرائن انٹرنیشنل ایئرلائنز کا بوئنگ 737 طیارہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے پرواز کرتے ہی ہوائی اڈے کے نزدیک گر گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔
یوکرائن کی وزارت خارجہ نے طیارے کے عملہ اور تمام مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
ایران کی ہلال احمر تنظیم نے بھی اس طیارہ حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس پر سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلال احمر کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اس جہاز پر 173 افراد سوار تھے۔ ابتدا میں ایرانی خبر رساں ایجنسی نے بتایا تھا کہ طیارہ پر 180 افراد سوار تھے۔
ایرانی ایمرجنسی سروس کے سربراہ پیرحسین قلی بند نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا، ”آگ اتنی شدید تھی کہ ہم کسی طرح کابچاؤ نہیں کرسکے… ہم نے حادثے کی جگہ پر 22 ایمبولینس،چار بس ایمبولینس اور ایک ہیلی کاپٹر لگا رکھے تھے۔”
یوکرائن کی وزارت خارجہ نے طیارے کے عملہ اور تمام مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
ایران کی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے ترجمان رضا ظفر زادہ نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ طیارہ پر 170مسافر سوار تھے۔
فضائی سروس پر نگاہ رکھنے والے ادارہ فلائٹ راڈار 24 کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی پرواز پی ایس 752 تھی اور یہ یوکرائن کے دارالحکومت کییف کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ حادثہ پراند اور شہریار کے درمیان ہوا۔
یوکرائن انٹرنیشنل ایئرلائنز کا بوئنگ 737 طیارہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے پرواز کرتے ہی گر گیا۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ”طیارہ کییف کی پرواز پر تھا… اور اس پر مسافر اور عملہ کے 180 افراد سوار تھے۔”
دریں اثنا طیارہ ساز کمپنی بوئنگ نے کہا کہ اسے ایران میں طیار ہ حادثہ کا شکار ہونے کی اطلاع میڈیا سے ملی ہے اور وہ مزید معلومات یکجا کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ اس طیارہ حادثہ سے چند گھنٹے قبل ہی ایران نے عراق میں امریکی فورسز کے دو فوجی ٹھکانوں پر بیلیسٹک میزائلوں سے حملے کیے تھے۔