تہران (اصل میڈیا ڈیسک) ایران نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی حدود میں یوکرین کا تباہ ہونے والا مسافر طیارہ غیردانستہ طور پر نشانہ بنا۔
چند روز قبل ایران کے دارالحکومت تہران کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر یوکرین کا بوئنگ 737 مسافر طیارہ ٹیک آف کے چند منٹ بعد ہی گرکر تباہ ہوگیا تھا۔ واقعے میں 176 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ طیارہ تہران سے یوکرائن کے دارالحکومت کیف جارہا تھا۔
امریکا نے دعویٰ کیا تھا کہ ایرانی حدود میں پراسرار انداز سے گرکر تباہ ہونے والا مسافر بردار یوکرینی طیارہ خود ایران کے میزائل کا نشانہ بنا۔ پینٹاگون کے مطابق ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے جواب میں ایران نے جو میزائل فائر کیے تھے ان میں سے ایک مسافر بردار طیارے کو لگا۔
امریکا کے بعد کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ ہمارے پاس شواہد و اطلاعات ہیں کہ طیارہ ایرانی سرزمین سے داغے گئے میزائل کے سبب تباہ ہوا۔ طیارے میں سوار 63 افراد کا تعلق کینیڈا سے تھا۔
تاہم اب ایران نےاعتراف کرلیا ہے کہ ایرانی حدود میں تباہ ہونے والا یوکرین کا مسافر بردار طیارہ اس کے میزائل سے گر کر تباہ ہوا۔ ایرانی حکام نے یوکرین کا طیارہ گرانے کو انسانی غلطی قرار دے کر معافی مانگی ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی حکام کا ابتدائی بیان میں کہنا تھا کہ مسافر بردار یوکرینی طیارے کے انجن میں آگ لگی تھی جس کے بعد وہ زمین پرگرا اور تباہ ہوا۔