ایران نے اقوام متحدہ میں ووٹ دینے کا حق کھو دیا

United Nations

United Nations

ایران (اصل میڈیا ڈیسک) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے بتایا کہ مجموعی طور پر گیارہ ممالک اپنے واجبات ادا کرنے میں ناکام رہے۔ ایران سمیت آٹھ ملکوں کے حق رائے دہی کو معطل کردیا گيا ہے۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے جنرل اسمبلی کو بھیجے گئے ایک خط میں بتایا ہے کہ ایران، وینزویلا اور سوڈان اقوام متحدہ کے واجبات ادا نہ کرنے کی وجہ سے اپنے حق رائے دہی سے محروم ہوچکے ہیں۔ ایران نے فنڈ کی کمی کے لیے امریکی پابندیوں کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔

انٹونیو گوٹیرش نے مزید بتایا کہ مجموعی طور پر گیارہ ممالک اپنے اپنے واجبات ادا کرنے میں ناکام رہے۔ اور ان میں سے آٹھ نے اقوام متحدہ میں ووٹ کا اپنا حق کھودیا ہے۔ ان ملکوں میں ایران، وینزویلا، سوڈان، انٹیگوا اور باربوڈا، کانگو، گنی، پاپوا نیوگنی اور ونواتو شامل ہیں۔

ان ملکوں نے حق رائے کیوں کھویا؟
اقوام متحدہ کے منشور کے تحت اگر کسی رکن ملک کے بقایہ جات سابقہ دو برسوں میں ادا کیے جانے والے واجبات کے برابر یا اس سے زیادہ ہوجائیں تو اس کی حق رائے دہی معطل کر دی جاتی ہے۔

تاہم اگر” رکن ملک اپنے حالات کے کنٹرول سے باہر ہوجانے” کی وجہ سے بقایہ جات کی ادائیگی نہیں کر پارہا ہو تو جنرل اسمبلی اس ملک کو ووٹ دینے کی اجازت دے سکتی ہے۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے کہا کہ سال 2022 کے لیے جزائر کومورو، ساؤ ٹوم، پرنسپے اور صومالیہ مذکورہ صورت حال پر پورا اترتے ہیں۔

ایران کو اپنی حق رائے دہی بحال کرنے کے لیے 18ملین ڈالر سے زیادہ ادا کرنے ہوں گے۔ گذشتہ سال بھی ایران نے عدم ادائیگی کی بنیاد پر اپنا ووٹ کھو دیا تھا۔

وینزویلا کے ذمے 40 ملین ڈالر واجب الادا ہیں جبکہ سوڈان کو تقریباً تین لاکھ ڈالر ادا کرنے ہیں۔ دیگر پانچ ملکوں کو اپنے حق رائے دہی بحال کرانے کے لیے ہر ایک کو تقریباً 75 ہزار ڈالر ادا کرنے ہوں گے۔

ایران کا امریکا پر غصہ
ایران نے جنوری 2021 میں بھی عدم ادائیگی کی بنیاد پراقوام متحدہ میں اپنا ووٹ کھو دیا تھا۔ ایران کا کہنا تھا کہ وہ امریکی اقتصادی پابندیوں کے باعث کم سے کم رقم بھی ادا نہیں کر سکتا۔

چند مہینوں کی بات چیت کے بعد ایران کو استثنیٰ دے دیا گیا، امریکا کی طرف سے روکی گئی رقم تک رسائی کی اجازت دی گئی اور جون میں سلامتی کونسل کے نئے اراکین کے انتخاب کے موقعے تک ایران کا اپنا حق رائے دہی واپس مل گیا تھا۔

ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران مکمل اور وقت پر اپنی رکنیت کی رقم ادا کرنے کے عہد پر قائم ہے۔ لیکن وہ “امریکا کی جارحانہ اور غیرقانونی پابندیوں کی وجہ سے ” رقم ادا نہیں کرسکا۔

دسمبر میں اقوام متحدہ کا منظور شدہ آپریٹنگ بجٹ تقریباً تین بلین ڈالر ہے۔ امن کی کارروائیوں کے لیے بجٹ اس سے علیحدہ ہے، جون2021 میں منظور شدہ اس بجٹ کی رقم ساڑھے چھ بلین ڈالر ہے۔