ایران (اصل میڈیا ڈیسک) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں تیارہونے والی کرونا ویکسین’کوف ایران برکت‘ غیرملکی ویکسینوں سے بہتر اور زیادہ فعال ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال جنوری ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے غیر ملکی ویکسینوں بالخصوص برطانوی اور امریکی ویکسینوں کی خریداری پر پابندی عاید کردی تھی اور اُنہیں دشمن کی تیار کردہ ویکسین قرار دیا تھا۔
ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ ’گمراہ کن دعووں‘ کے علی الرغم ایران میں مقامی سطح پر تیار کی جانے والی کرونا ویکسین کے سائیڈ افیکٹس اور منفی اثرات بیرون ملک سے منگوائی جانے والی ویکسینوں کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر ہیں۔
ایرانی صدر کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب دوسری طرف پوری دنیا میں کرونا ویکسین کی کئی اقسام دستیاب ہیں۔ ایران کی تیار کردہ ’کوف ایران برکت‘ کی سائنسی اور طبی بنیاد پرکسی قسم کی جانچ کی تصدیق نہیں کی گئی۔ یہ ویکسین ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران میں کرونا کی چھٹی وبا عروج پر ہے۔
رواں سال جنوری میں ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے وزارت صحت کے ذمہ داروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ برطانیہ اور امریکا کی تیارکردہ ویکسینوں پر انحصار نہ کریں۔ ایران نے گذشتہ برس دسمبر میں ویکسین کے تجربات شروع کر دیے تھے۔
ایرانی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہان پور نے گذشتہ برس دسمبر میں کہا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کی طرف سے منظور شدہ کرونا ویکسینوں کے حصول میں کوئی امر مانع نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ أسٹرازينيكا وفائزر وموڈرنا جیسی ویکسینیں حاصل کی جاسکتی ہیں بشرطیکہ وہ امریکا اور برطانیہ میں تیار نہ کی گئی ہوں۔