اسلام آباد (جیوڈیسک) ’’پاکستانی حدود میں جاسوسی کرنے والے ایرانی ڈرون کو پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں مار گرایا۔‘‘
سرکاری ذرائع نے ایرانی ڈرون مار گرائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ’’ایرانی ڈرون طیارہ ملکی سرحدی حدود میں جاسوسی مشن پر تھا جسے پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیارے نے مار گرایا۔‘‘
گرائے گئے ڈرون طیارے کا ملبہ سیکیورٹی فورسز نے قبضے میں لے لیا، لیکن تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس ڈرون کو کب تباہ کیا گیا جبکہ پاک فضائیہ نے بھی اس پر تبصرے سے انکار کیا۔ واضح رہے کہ چوبیس گھنٹے کے دوران یہ دوسرا ایرانی ڈرون ہے جسے تباہ کیا گیا۔
قبل ازیں امریکی اتحادی افواج نے جنوبی شام میں حکومت کی حامی فورسز کی جانب سے آپریٹ کیے جانے والے ایرانی ساختہ ڈرون کو تباہ کرنے کی تصدیق کی تھی۔
ایران کے آرمی چیف نے حال ہی میں دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایران پاکستانی حدود میں دہشت گردوں کے ’محفوظ ٹھکانوں‘ کو نشانہ بنائے گا۔
ایرانی آرمی چیف کے اس بیان پر پاکستان کی طرف سے سخت احتجاج کیا گیا تھا۔
ایرانی آرمی چیف کی جانب سے یہ بیان رواں سال کے آغاز میں مبینہ طور پر سرحد پار سے دہشت گردوں کے حملے میں 10 ایرانی بارڈر گارڈز کی ہلاکت کے ردعمل میں سامنے آیا تھا۔