تہران (جیوڈیسک) ایران نے ایک بار پھر اپنے میزائل پروگرام کا دفاع اور اسے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ تہران کے میزائل پروگرام پر پابندیوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر کسی صورت عمل درآمد نہیں کیا جاسکتا، ایران میزائل پروگرام سے متعلق سلامتی کونسل کی شرائط قبول نہیں کرے گا۔
غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی فوج کے سربراہ جنرل عطا اللہ صالحی نے کہاہے کہ ایران کے خلاف عالمی قراردادوں کو کوئی اہمیت دیں گے نہ ہی ہم ان پر عمل درآمد کے پابندہیں، وقت کے ساتھ ساتھ ایرانی میزائل سسٹم کی صلاحیت میں مسلسل اضافہ جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا میزائل پروگرام پر عالمی قراردادوں کی پابندی نہ کرناجوہری معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ ہم اپنا میزائل پروگرام جاری رکھیں گے کیونکہ یہ ملکی دفاع کے لیے ناگزیرہے۔ انھوں نے کہاکہ ہمارامیزائل پروگرام کسی پڑوسی یادوست ملک کے لیے خطرہ نہیں ہے۔